اُڈپی:2؍جون(ایس اؤ نیوز)کورونا پر قابو پانے کےلئے 50سے زائد پوزیٹیو معاملات پائے جانے والے ضلع اُڈپی کے 33گرام پنچایتوں کے 50مضافات میں بدھ سے اگلے پانچ دنوں کےلئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کئے جانے سے متعلقہ دیہاتوں میں سناٹا چھایا ہے۔
لاک ڈاؤن نافذ مضافات میں اسپتال ، نرسنگ ہوم، میڈیکل دکانیں ، جن اشودھی مراکز ، زرعی دکانیں ، دودھ کی ڈائری کھلی رہیں گی بقیہ سبھی قسم کی دکانوں ، باکڑا وغیرہ پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ، اشد ضروری کام ہونے پر ہی عوام کو باہر نکلنے کے لئےکہا گیاہے۔ خیال رہےکہ اس سے قبل صبح 10بجے تک ضروری اشیاء کی خریداری کےلئے چھوٹ دی گئی تھی اب اس پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ قومی اور ریاستی شاہراہوں پر واقع پٹرول بنک کھلے تھے تو فوری علاج اور دوائیوں کی خریداری کےلئے سہولت دی گئی ہے۔
مضافات کی سڑکیں بند:بیندور تعلقہ کے شیرور، جڈکل ، کمبد کونے ، ناڈ، کنداپور تعلقہ کے کاوارڈی ، ہومباڑی منڈاڈی، کوٹیشور، ہالاڑی، اِڈور کنجاڑی ، آلور، آجری ، برہماور تعلقہ کے 38ویں کلتور ، اُڈپی تعلقہ کے 80بڈگابیٹو، الوور، پیرڈور، تنکنڈییور، بومربیٹو، کاپو تعلقہ کے بیلپو، بیلوے، پڈوبیدری، شیروا، کارکلا تعلقہ کے مال، ائیدو، ککندور، کڈتل، مرنی ، پلی، نیٹے ، مدراڑی مضافات کے علاوہ ورنگ گرام پنچایت کی سبھی سرحدیں پوری طرح بند کردی گئی ہیں متعلقہ پولس تھانوں کے حدود میں پولس کا زبردست بندوبست کیاگیا ہے۔
اہم بازاروں پر مشتمل شیرور، پڈوبیدرے ، شروا، کوٹیشورکی سڑکوں پر عوامی چہل پہل اور سواریوں کی آمدورفت نہ ہونے سے ویرانی چھا گئی ہے۔ پیرڈور گرام پنچایت حدود کے اندرونی راستوں پر بیریکیڈ پر سرخ پٹیاں چسپاں کرتےہوئے شاہراہ سے رابطہ کاٹ دیاگیا ہے۔
دودھ کی قلت :مکمل لاک ڈاؤن کے چلتے پڈوبیدری اور پیرڈورسمیت دیگر گرام پنچایتوں کی حدود میں بیکری اشیاء کے ساتھ دودھ بیچنے والی دکانیں بھی بند ہونے سے عوام کو دودھ کےلئے بھاگ دوڑ کرنی پڑی۔عوام کو قریب کے مضافات سے دودھ خرید کر لاتےہوئے دیکھا گیا۔
حالات کا جائزہ لینے پڈوبیدری پہنچی کاپو کی تحصیلدار پرتیبھا آر نے دودھ کی قلت اور مسئلہ کو فوری طورپر حل کرنےکی گرام پنچایت صدر روی شٹی، پی ڈی اؤ پنچاکشری سوامی کیریمٹھ کو ہدایات جاری کیں۔ گرام پنچایت انتظامیہ نےجانکاری دی کہ کل سے آٹو کے ذریعے گھر گھر دودھ پہنچایاجائےگا۔ جب کہ شرور میں پیشگی تیاری کی وجہ سے سواری کے ذریعے دودھ گھر گھر پہنچایا گیا۔
ڈی سی کا دورہ :مکمل لاک ڈاؤن والے مضافات کوٹیشور، شرور، جڈکل سمیت دیگر گرام پنچایتوں کا اُڈپی ضلع ڈی سی جی جگدیش نے دورہ کرتےہوئے متعلقہ گرام پنچایتوں کے صدور ، پی ڈی اؤ کے ساتھ کورونا کنٹرول کے متعلق بات چیت کی۔ اس موقع پر ڈی سی نے بتایا کہ ضلع نگراں کاروزیر اور عوام کے ساتھ لئے گئے مکمل لاک ڈاؤن والے فیصلے کا عوام نے بھرپور تعاون کیا ہے۔
ہنےہلی مضاف کی شمولیت:برہماور تعلقہ کے ہنے ہلی گرام پنچایت حدود میں یکم جون تک 49کورونا پوزیٹیو کیس تھے۔ جون 3سے نافذ کئے گئے مکمل لاک ڈاؤن میں متعلقہ گرام پنچایت کو شامل کئے جاتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے سرکلر جاری کیاہے۔ جس کے تحت 3جون کو 11بجے تک ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے موقع دئیےجانے کے بعد مکمل لاک ڈاؤن لگایا گیا۔
.png)